اگر ایم کیوایم کے خلاف جاری ریاستی آپریشن بند نہ کیا گیا تو ایم کیوایم آئندہ الیکشن کا بائیکاٹ کرے گی۔ مصطفےٰ عزیزآبادی

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفےٰ عزیزآبادی نے کہا ہے کہ اگرایم کیوایم کودیگرسیاسی جماعتوں کی کام کرنے کی آزادی نہ دی گئی، اس کے خلاف جاری ریاستی آپریشن بند نہ کیا گیا توایم کیوایم آئندہ الیکشن کا بائیکاٹ کرے گی اورسندھ کے شہری علاقوں کے خود مختارصوبہ کے قیام کیلئے جدوجہد کرے گی۔انہوں نے یہ بات ایم کیوایم ویسٹ لندن کے زیراہتمام ساؤتھ آل کے علاقے میں واقع ٹی کے سی ریسٹورینٹ میں منعقدہ دعوت افطارسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ افطارپارٹی میں ساؤتھ آل، ایلنگ اورویسٹ لندن کے دیگرعلاقوں سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں نے شرکت کی ۔مصطفےٰ عزیزآبادی نے کہا کہ ہم نے آئین وقانون کے تحت 1987ء سے اب تک ہرانتخابات میں حصہ لیااور اپنے حقوق کے حصول کیلئے پرامن جدوجہد کا ہرراستہ اختیار کیا لیکن ہمارے لئے تمام راستے بند کردیئے گئے ہیں، ایم کیوایم پر غیراعلانیہ پابندی عائد ہے، نائن زیروسمیت تمام دفاتر سیل ہیں، قائد تحریک الطاف حسین کے خطابات پر پابندی ہے، ہزاروں کارکنوں کو شہید کیا جاچکا ہے اورہزاروں کارکن جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں ڈال دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اگرایم کیوایم کے خلاف ریاستی مظالم کا یہ سلسلہ بند نہ ہوا اور ہمیں آزادانہ طورپرکام کرنے کی اجازت نہیں دی گئی توہم انتخابات کا بائیکاٹ کریں گے اورمہاجروں کیلئے خود مختارصوبہ کے حصول کی جدوجہدکریں گے ۔اس موقع پر ڈاکٹرسلیم دانش، ایم کیوایم یوکے کے آرگنائزہاشم اعظم ، جوائنٹ آرگنائزرسہیل زیدی،آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن محسن سعید اورایم کیوایم ویسٹ لندن کے انچارج محبوب الٰہی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ نے ایم کیوایم کو ختم کرنے کیلئے ماضی میں بھی حقیقی دہشت گردوں کا گروپ بنایا اور اب پی ایس پی بنائی گئی ہے اورجب اس سازش میں بھی ناکامی ہوئی توایک نئی سازش تیارکی گئی اوروہ لوگ جنہوں نے قائد تحریک الطاف حسین کے نام سے کامیابی حاصل کی ان ارکان پارلیمنٹ اورمرکزی رہنماؤں نے 22 اگست کے بعد قائد تحریک الطاف حسین سے لاتعلقی اختیارکرکے پارٹی پر قبضہ کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ساری سازشیں اسلئے ہیں کہ کسی بھی طرح مہاجروں کے حقوق کیلئے جدوجہد کرنے والی ایم کیوایم کوصفحہ ہستی سے مٹادیا جائے لیکن انشاء اللہ یہ تمام سازشیں ناکام ہوں گی کیونکہ تحریک کے سچے اور باوفا کارکنان اورمہاجرعوام قائد تحریک الطاف حسین کے ساتھ ہیں۔